پاکستان

کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی (ویب ڈیسک) یوم دفاع و شہداء کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کشمیرتکمیل پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان کشمیر کو کبھی بھی حالات کے رحم وکرم پر تنہا نہیں چھوڑے گا۔

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، شہید ہماری پہچان ہیں، اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر میرا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے بقاء پاکستان کا سفر شہداء کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

 

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا، دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، جب تک وطن کے جاں نثار موجود ہیں کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کا پاکستان امن و سلامتی کا پیغام دیتا ہے، آج پاکستان میں امن کی بہتر فضا ہے، پاکستان نے اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے پوری کی ہیں، اب اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ انتہا پسندی کو عملی طور پر رد کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان میں پائیدار امن کی کوشش کی ہے اور افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔ سربراہ پاک فوج نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربر یت بڑھتی جا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مصیبتوں کا ادراک ہے، آج کا کشمیر ہندوتوا کی پیروکار ہندوستانی حکومت کے ظلم و ستم کا شکار بن چکا ہے، کشمیری خون ارزاں ہو چکا ہے اور جنت نظیرکشمیر ظلم کی آگ میں جل رہا ہے۔

 

آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ ہندوستانی قیادت نے مذہبی جنونیت، نفرت اور طاقت کے زعم میں کشمیریوں پر جو حملہ کیا ہے وہ بلا شبہ ہمارے لیے اور پوری عالم انسانیت کے لیے ایک آزمائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بعد اب غربت، جہالت اور پسماندگی کے خلاف جنگ جاری ہے، ایک پُرامن، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم پوری حکمت عملی اور استقامت سے اس منزل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button